69

بروقت طبی امداد نہ ملنےسےانسانی جانوں کوخطرات لاحق ہوتے ہیں،سلیم میمن

حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر سلیم میمن نے شہر میں قائم مگر غیر فعال ٹراما سینٹر کو فوری طور پر فعال کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

صدر چیمبر کا کہنا ہے کہ یہ ٹراما سینٹر شہر کے اسٹریٹیجک مقام پر واقع ہے، جہاں سے نہ صرف شہری علاقوں بلکہ قومی شاہراہوں پر ہونے والے حادثات کے متاثرین کو فوری طبی امداد فراہم کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد سندھ کا بڑا تجارتی، صنعتی اور ٹرانسپورٹ ہب ہے، جہاں روزانہ قومی شاہراہوں پر مال بردار گاڑیوں اور مسافر ٹریفک کی بھاری آمدورفت ہوتی ہے، اور اس صورتحال میں ٹراما سینٹر کی غیر فعالی انسانی جانوں کے لیے خطرہ بن رہی ہے۔

سلیم میمن نے کہا کہ ٹراما سینٹر غیر فعال ہونے کی وجہ سے تمام حادثاتی مریض سول اسپتال حیدرآباد منتقل کیے جاتے ہیں، جس سے نہ صرف قیمتی وقت ضائع ہوتا ہے بلکہ بروقت طبی امداد نہ ملنے سے انسانی جانوں کو بھی خطرات لاحق ہوتے ہیں۔

صدر چیمبر نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کے وژن کے مطابق حیدرآباد جیسے بڑے شہر میں جدید اور فعال ٹراما سینٹر ہونا ضروری ہے تاکہ شہریوں کو معیاری صحت کی سہولیات فراہم کی جا سکیں اور سول اسپتال پر دباؤ کم ہو۔

انہوں نے بتایا کہ چیمبر کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور صوبائی وزیر صحت کو خط بھیجا گیا ہے، جس میں ٹراما سینٹر کو فوری فعال کرنے، طبی عملہ تعینات کرنے اور جدید آلات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

سلیم میمن نے امید ظاہر کی کہ سندھ حکومت اس اہم عوامی مسئلے کا فوری نوٹس لے گی اور ٹراما سینٹر کو فعال بنا کر شہریوں اور قومی شاہراہوں پر حادثات کے متاثرین کے لیے معیاری طبی سہولیات یقینی بنائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں