کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل نے نئے سال کے آغاز پر گھر پر مریضوں کی تیمارداری کے لیے ہنگامی طبی آلات کی فراہمی کو مزید بہتر، منظم اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ ٹرسٹ کے ترجمان کے مطابق یہ شعبہ عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل کا اپنی نوعیت کا تاریخی اور منفرد اقدام ہے اور ٹرسٹ برسوں سے بلا امتیاز و بلا معاوضہ عوام کی خدمت انجام دے رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل طویل عرصے سے ضرورت مند مریضوں کو بلا امتیاز و معاوضہ آکسیجن سلنڈر، سکشن مشین، پیشنٹ بیڈ، ایئر میٹریس، وہیل چیئر، بائی پیپ مشین، سی پیپ مشین، آکسیجن کنسنٹریٹر، واکر، ٹلٹ چیئر، نیبولائزر سمیت دیگر ہنگامی طبی آلات کی فراہمی کو یقینی بنا رہا ہے۔ یہ شعبہ روزانہ صبح 8 بجے سے رات 11 بجے تک اپنی خدمات فراہم کرتا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ ادارہ اے سی ایمبولینسز سروس بھی فراہم کر رہا ہے، جو آکسیجن سلنڈر کی سہولت کے ساتھ مریضوں کو گھر سے ہسپتال اور ہسپتال سے گھر منتقل کرنے میں معاون ثابت ہو رہی ہے۔ ادارے کے مطابق اب تک ہزاروں افراد اس شعبے کے ذریعے جان بچانے والے طبی آلات اور ایمبولینس سروس سے استفادہ کر چکے ہیں، جبکہ ضرورت پوری ہونے پر یہ آلات واپس ادارے کے حوالے کر دیے جاتے ہیں۔ مستفید ہونے والے افراد اس خدمت کو قابلِ ستائش اور ضرورت مندوں کے لیے ایک بڑی سہولت قرار دیتے ہیں۔
عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل کے مطابق ہنگامی طبی آلات کے حصول کا طریقہ انتہائی آسان اور بلا معاوضہ ہے۔ ڈاکٹر کی تجویز کردہ نسخہ، مریض یا کسی معلقہ فرد کے شناختی کارڈ کی کاپی اور معمولی ایڈوانس رقم (جو 100 فیصد قابلِ واپسی ہوتی ہے) جمع کرانا ضروری ہے، تاہم اس عمل کے لیے کسی قسم کی سفارش یا واسطے کی ضرورت نہیں۔ ادارہ اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ تمام سہولیات شفاف طریقے سے اور بلا امتیاز و بلا معاوضہ فراہم کی جائیں۔
مزید برآں، مخیر حضرات اپنے گھروں میں استعمال کے بعد موجود طبی آلات عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل کو عطیہ بھی کر سکتے ہیں۔ ایمبولینس اور ہنگامی طبی آلات کے حصول کے لیے شہری عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل کے دیے گئے نمبر 03333113119 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
ادارے کے مطابق نئے سال 2026 میں اس شعبے کو مزید مؤثر، جدید اور عوام کے لیے حصول میں آسان بنانے کے لیے جامع حکمتِ عملی ترتیب دی جا رہی ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق مریض بروقت اور معیاری سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں۔


