کوئٹہ(ایچ آراین ڈبلیو)علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق آئندہ دنوں کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے، جبکہ شمالی اضلاع میں رات اور صبح کے اوقات میں شدید سردی میں اضافہ ہوگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق قلات، کوئٹہ، مستونگ، سوراب، قلعہ عبداللہ، پشین، قلعہ سیف اللہ اور زیارت میں کم سے کم درجۂ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ سے نیچے گرنے کا امکان ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
جمعہ کے روز صوبے کے زیادہ تر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم شمالی علاقوں میں رات اور صبح کے وقت شدید سردی محسوس کی جائے گی۔ شمالی اضلاع میں شام اور رات کے اوقات میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان بھی ہے۔
ہفتہ کو صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ شمالی اضلاع میں انتہائی سرد موسم برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے کسی بھی علاقے میں بارش ریکارڈ نہیں کی گئی۔ کوئٹہ شہر میں کم سے کم درجۂ حرارت منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث شہریوں کو شدید سردی کا سامنا رہا۔


