پاکپتن(ایچ آراین ڈبلیو)ڈپٹی کمشنر آصف رضا نے کہا ہے کہ قیدیوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا ریاست کی آئینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے، اور ڈسٹرکٹ جیل پاکپتن میں صحت عامہ سے متعلق تمام امور کو ترجیحی بنیادوں پر بہتر بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے یہ بات ڈسٹرکٹ جیل کی پریزن ہیلتھ کونسل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ڈاکٹر ثمن عباس، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فائزہ کنول، ایکسیئن ہائی وے ہاشم شہزاد، ایکسیئن بلڈنگ مظہر حسین، اسسٹنٹ سپریٹنڈنٹ جیل سہیل احمد سمیت محکمہ صحت اور جیل انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں قیدیوں کے لیے طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی، جیل ہسپتال کی کارکردگی، صفائی ستھرائی، ہیلتھ اسکریننگ، ویکسینیشن، متعدی امراض کی روک تھام اور ریفرل سسٹم سمیت مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر آصف رضا نے متعلقہ اسٹاف کو ہدایت کی کہ جیل میں تعینات میڈیکل عملہ اپنی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ مہارت اور دیانت داری کے ساتھ ادا کرے۔ انہوں نے تاکید کی کہ ادویات کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے اور کسی بھی مریض قیدی کو علاج میں تاخیر کا سامنا نہ ہو۔
انہوں نے واضح کیا کہ صفائی، حفظانِ صحت اور غذائی معیار پر کوئی سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا، جبکہ سنگین بیماریوں میں مبتلا قیدیوں کے لیے فوری ریفرل اور فالو اپ سسٹم مزید مؤثر بنایا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو باہمی رابطہ بہتر بنانے اور جیل ہیلتھ سسٹم کو جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔


