راولپنڈی(ایچ آراین ڈبلیو)الشفا ٹرسٹ آئی اسپتال کے ماہر ڈاکٹروں نے 101 سالہ رضا خان کی انتہائی حساس آنکھ کے آپریشن کے ذریعے ان کی بینائی بحال کردی۔ رضا خان اسلام آباد کے رہائشی ہیں اور شدید موتیا اور دیگر عارضوں میں مبتلا تھے۔
آپریشن ڈاکٹر صبیح الدین کی قیادت میں ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم نے مہارت کے ساتھ انجام دیا اور آنکھ کو مکمل طور پر محفوظ رکھنے میں کامیابی حاصل کی۔
بزرگ رضا خان الشفا آئی ٹرسٹ کے بانی جنرل جہانداد خان مرحوم کے قریبی دوست بھی رہے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق ملک میں تقریباً 27 لاکھ افراد نابینا ہیں جن میں 51 فیصد مریض موتیا کا شکار ہیں۔ دیہی علاقوں میں سرجری کی سہولت نہ ہونے کے باعث بڑی تعداد میں لوگ اندھیرے میں زندگی گزار رہے ہیں۔


