اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شوکت یوسفزئی نے قومی ایئرلائن کی نجکاری کا عمل مکمل ہونے پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ردعمل میں انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری پر “دل خون کے آنسو رو رہا ہے” اور قومی اداروں کی یہ صورتحال حکمرانوں کی مبینہ نااہلی اور کرپشن کا نتیجہ ہے۔
شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں قومی اثاثوں کو تحفظ فراہم کیا جاتا ہے، لیکن پاکستان میں قومی ادارے زوال کی طرف دھکیلے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق یہ صرف آغاز ہے اور معلوم نہیں کہ مزید کتنے ادارے فروخت کیے جائیں گے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ قومی اداروں کی تباہی کے ذمہ داروں کا تعین کرتے ہوئے انہیں بے نقاب کیا جائے۔
واضح رہے کہ نجکاری کمیشن بورڈ کی جانب سے قومی ایئرلائن کی بولی کے لیے منعقدہ تقریب میں عارف حبیب کنسورشیم نے 135 ارب روپے کی بلند ترین بولی دے کر پی آئی اے کے 75 فیصد حصص خرید لیے، جس کے ساتھ ہی نجکاری کا عمل مکمل ہو گیا۔


