کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ٹریفک پولیس کراچی کے مطابق شہر میں ٹریفک حادثات کے باعث اموات میں واضح کمی دیکھی گئی ہے۔ جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کے پہلے چھ ماہ میں ٹریفک حادثات میں 477 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے، جبکہ گزشتہ چھ ماہ میں یہ تعداد کم ہو کر 326 رہ گئی، یعنی 151 قیمتی جانیں محفوظ رہیں۔ اوسطاً ہر ماہ 25 افراد حادثات میں جان سے بچ گئے۔
پولیس کے مطابق زخمیوں کی تعداد میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔ پہلے چھ ماہ میں 886 افراد زخمی ہوئے تھے جبکہ گزشتہ چھ ماہ میں یہ تعداد 642 رہی۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ “کراچی روڈ ایکسیڈنٹ اینالسس ٹیم” کی تشکیل کے بعد حادثات میں اموات اور زخمیوں کی تعداد میں کمی آئی ہے۔ ٹیم کی سفارشات اور حکمت عملی نے ٹریفک مینجمنٹ کو بہتر بنانے میں موثر کردار ادا کیا۔
گزشتہ چھ ماہ کے دوران ٹریفک پولیس نے ٹرانسپورٹرز کے ساتھ مسلسل میٹنگز کیں، جس کے نتیجے میں کمرشل گاڑیوں میں ٹریکرز کی لازمی تنصیب کو یقینی بنایا گیا۔ پولیس کے مطابق اس عمل میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو ٹریفک قوانین، نگرانی کے نظام اور سڑکوں پر احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا گیا، جس سے حادثات میں نمایاں کمی لانے میں مدد ملی۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شہر میں حادثات میں کمی ٹریفک مینجمنٹ کے بہتر ہونے اور قوانین پر سختی سے عمل درآمد کا نتیجہ ہے۔


