کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے جنرل سیکریٹری اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ دنیا کے مسائل حل کرنے کی بجائے بہتر ہے کہ پاکستان کی معیشت پر توجہ دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چار سال سے پاکستانی معیشت جمود کا شکار ہے اور حکومت معاشی پالیسیوں کے تعین میں ناکام نظر آ رہی ہے۔
اقبال ہاشمی نے کہا کہ ملک میں قانون و انتظام کی صورتحال بہتر کیے بغیر نہ بیرونی سرمایہ کار آئے گا اور نہ ملکی سرمایہ کار سرمایہ کاری میں دلچسپی لے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی پہلی ترجیح ملک میں نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہونی چاہیے، کیونکہ وزیر اعظم کی موجودہ پالیسی سرمایہ کاری لانے میں ناکام رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملکی وسائل پر انحصار کرکے معاشی ترقی کی راہ اپنائی جائے، ملک کا ٹیلنٹ مسلسل بیرون ملک جا رہا ہے، جس پر سرمایہ کاری کرکے اسے پاکستان میں رہنے کی ترغیب دی جائے۔
اقبال ہاشمی نے تجویز دی کہ نوجوانوں میں ملازمت کی بجائے کاروبار کرنے کا رجحان فروغ دیا جائے کیونکہ چھوٹے درجے کے کاروبار زیادہ روزگار پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لارج اسکیل مینوفیکچرنگ پاکستان میں تنزلی کا شکار ہے، اور ملک میں صنعتی انقلاب کے ادوار کے مطابق معاشی ترقی کا نظام متعارف کروایا جانا چاہیے۔


