پشاور/ضلع خیبر(ایچ آراین ڈبلیو)خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کی وادی تیراہ کے عوام نے دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی اداروں اور انتظامیہ کے آپریشن میں تعاون کا اعلان کرتے ہوئے نقل مکانی پر اتفاق رائے کر لیا ہے۔
وادی تیراہ کی 24 رکنی نمائندہ کمیٹی اور انتظامیہ کے مابین ہونے والا جرگہ کامیاب رہا، جس کے نتیجے میں نقل مکانی کے حوالے سے باقاعدہ معاہدہ طے پایا اور فریقین نے مراسلے پر دستخط بھی کر دیے۔
نقل مکانی کا شیڈول اور واپسی
باقاعدہ نقل مکانی کا آغاز 10 جنوری سے ہوگا، اور 25 جنوری تک پورا علاقہ خالی کروا لیا جائے گا۔
آپریشن کے اختتام کے بعد متاثرہ افراد کی مرحلہ وار واپسی 5 اپریل سے شروع کی جائے گی۔
متاثرین کو معاوضہ اور امداد
آپریشن کے دوران مکمل طور پر تباہ ہونے والے مکان کے لیے 30 لاکھ روپے جبکہ جزوی نقصان کی صورت میں 10 لاکھ روپے معاوضہ ادا کیا جائے گا۔
ہر متاثرہ خاندان کو بائیو میٹرک تصدیق کے بعد جاز کیش یا ایزی پیسہ کے ذریعے 2 لاکھ 50 ہزار روپے نقد امداد فراہم کی جائے گی۔
ماہانہ بنیادوں پر ہر خاندان کو 50 ہزار روپے دیے جائیں گے۔
متاثرین کو ٹرانسپورٹ، راستوں میں طبی سہولیات اور خوراک بھی فراہم کی جائے گی۔
سکیورٹی حکام کے مطابق یہ اقدام دہشت گردوں کے صفایا اور علاقے میں امن و امان کی بحالی کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے، جبکہ مقامی عوام کا تعاون آپریشن کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔


