گڈانی(ایچ آراین ڈبلیو) محکمہ فشریز بلوچستان کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لسبیلہ و حب نورالدین خراسانی نے گڈانی کے ماہی گیروں اور مقامی عوام کی شکایات اور احتجاج پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ممنوعہ لائٹ بوٹس کے خلاف بھرپور کارروائی کی، جس کے دوران 2 لائٹ بوٹس اپنی تحویل میں لے لی گئیں۔
کارروائی کے دوران محکمہ فشریز کی ٹیم نے گڈانی کی ساحلی حدود میں ممنوعہ طریقۂ شکار میں مصروف لائٹ بوٹس کو گھیرے میں لے کر نہ صرف تحویل میں لیا بلکہ غیر قانونی شکار میں استعمال ہونے والا سامان بھی ضبط کر لیا۔
گڈانی کے ماہی گیروں اور مقامی عوام نے نورالدین خراسانی کی بروقت، جرأت مندانہ اور عوامی مطالبات کے عین مطابق کی جانے والی اس کارروائی کا خیرمقدم کیا اور ان کے ایکشن کو انتہائی سراہا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر نورالدین خراسانی کا کہنا تھا کہ لائٹ بوٹس کے ذریعے مچھلی کا شکار سمندری ماحولیاتی نظام کے لیے تباہ کن ہے جبکہ اس سے چھوٹے ماہی گیروں کے روزگار پر بھی شدید منفی اثر پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمندری وسائل کے تحفظ اور قانون کی عملداری کے لیے ایسی کارروائیاں آئندہ بھی بلا امتیاز جاری رہیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ فشریز ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ماہی گیروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے یہ سلسلہ ہر صورت جاری رکھا جائے گا۔


