ژوب(ایچ آراین ڈبلیو)ژوب کے ٹرک اڈے میں کھڑے آئل ٹینکر اور کوئلے سے لدے ٹرک میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں 16 افراد زخمی ہو گئے، جبکہ 6 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق آتشزدگی کا یہ افسوسناک واقعہ ژوب ٹرک اڈے میں پیش آیا، جہاں آئل ٹینکر اور کوئلے کے ٹرک میں آگ لگ گئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کے ساتھ کولنگ کے عمل میں حصہ لیا۔
آگ لگنے کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں میں ٹرک اور آئل ٹینکر کا عملہ، فائر بریگیڈ کے اہلکار اور پولیس کے جوان شامل ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں بعض کی حالت نازک ہونے کے باعث انہیں خصوصی طبی امداد دی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، جبکہ علاقے میں سیکیورٹی کے انتظامات بھی سخت کر دیے گئے ہیں۔


