کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس کراچی جاوید عالم اوڈھو نے سالِ نو، شادی بیاہ اور دیگر تقریبات کے موقع پر ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق ہوائی فائرنگ کے واقعات میں ملوث ملزمان کے خلاف قتل اور اقدامِ قتل کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے اور کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر گشت، کریک ڈاؤن اور فوری کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خوشی کے لمحات کو سانحات میں تبدیل ہونے سے بچائیں، کیونکہ آپ کی چند لمحوں کی خوشی کسی بے گناہ کی زندگی کا چراغ گل کر سکتی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے قانون کی مکمل عملداری ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔


