اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) ملک میں میٹرک کی سطح پر تعلیمی نصاب میں دو نئے گروپس، یعنی ٹیکنیکل اور زراعت شامل کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ اس حوالے سے آئی بی سی سی نے 23 دسمبر کو اسلام آباد میں مشاورتی اجلاس طلب کرلیا ہے۔
اجلاس میں میٹرک کے مضامین کی گروہ بندی، اعلیٰ تعلیم کے متبادل راستوں اور انٹر میں پری میڈیکل و پری انجینئرنگ گروپس میں داخلے کی اہلیت پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔ میٹرک کی سطح پر متبادل مضامین کی مساوات اور غیر ملکی تعلیمی اسناد کی مساوات کے امور پر بھی بات چیت ہوگی۔
مزید برآں، اجلاس میں جنرل اور ووکیشنل ٹریننگ کی تعلیم، میٹرک ٹیکنیکل اور زراعت کے طلبا کے میڈیکل اور انجینئرنگ میں داخلے سے متعلق پہلوؤں پر بھی غور کیا جائے گا۔ تعلیمی اصلاحات کے لیے قومی ورکنگ گروپ قائم کرنے کی تجویز بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔


