لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم وتحریک صراط مستقیم نےمجددِ دین و ملت، امامِ اہل سنت، اعلیٰ حضرت امام احمد رضا محدث بریلوی قدس سرہ العزیز کے افکار کو اجاگر کرنے کا جو کام چند سال پہلے شروع کیا تھا، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اب ایک تحریک کی صورت اختیار کر چکا ہے۔ افکارِ رضا سیمینارز سے لاکھوں لوگ مستفید ہو چکے ہیں۔ ہزاروں لوگوں کو اپنی اصلاح کا موقع ملا ہے۔ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے ”افکارِ رضا سیمینارز“ کے پلیٹ فارم سے عصرِ حاضر میں تبلیغ کا ایک نہایت ہی اہم، مستند اور جامع طریقہ متعارف کروایا ہے۔ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے بڑے بڑے مشکل اعتقادی مباحث اور فکری مضامین مجمع عام میں سلیس طریقے سے بیان کر کے ایک منفرد بیداری پیدا کی ہے۔ اسی پرنور سلسلہ کو آگے بڑھاتے ہوئے اب ان شاء اللہ عزوجل 19 دسمبر بروز جمعہ ایک بجے دن 60 ویں افکارِ رضا سیمینار کا انعقاد جامع مسجد رضائے مجتبیٰ میں کیا جارہا ہے جس میں ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی ”افضلیت یارِ غار رضی اللہ تعالیٰ عنہ بزبانِ حیدرِ کرّار رضی اللہ تعالیٰ عنہ“ کے موضوع پر تحقیقی مقالہ پیش کریں گے۔ تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا: افضلیت سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ تعالیٰ عنہ بعد از انبیاء علی نبینا و علیہم الصلوٰۃ والسلام قطعی اور اجماعی ہے۔ یہ مضمون خود سیدنا علی المرتضیٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی زبان سے بار بار بیان کیا ہے۔


