کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)مہاجرقومی موومنٹ(پاکستان) کی جانب سےسقوط ڈھاکہ اورسانحہ اے پی ایس کےشہداء کےایصال ثواب کیلئے دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس سے مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے خطاب کیا۔ دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آفاق احمد نےکہا کہ اس تقریب کاانعقاد اس لئےکیا گیا ہےکہ میری قوم کےبچےاپنی ماضی کے سانحات اور تکلیف دہ واقعات سے سبق حاصل کرسکیں۔ آفاق احمد نے کہا کہ سقوط ڈھاکہ کا درد آج بھی میری قوم کے ہر شخص کے دل میں تازہ ہے کیونکہ یہ وہی دن تھاجب اکثریت کوطاقت کے زورپر دبا کر ملک کو دولخت کردیا گیا، حمود الرحمان کمیشن کی رپورٹ میں صاف لکھا ہے کہ اقتدار دراصل عوامی لیگ کا حق تھا جسے طاقت کا بےرحمانہ استعمال کرکے کم سیٹیں لینے والی پیپلز پارٹی کے حوالے کرنے کیلئے ”ادھر ہم ادھر تم“ کا نعرہ لگایا گیا۔ آٖفاق احمد نے کہا کہ سقوط ڈھاکہ جنکی وجہ سے ہوا وہ تو اب اس دنیا میں نہیں لیکن محصورین مشرقی پاکستان، پاکستان سے محبت کی سزا ابتک بھگت رہے ہیں،ریڈ کراس کے ریکارڈ میں یہ بات لکھی ہوئی ہے کہ آج بھی محصورین مشرقی پاکستان ریڈ کراس کے چوالیس کیمپوں میں پاکستان کا جھنڈالگائے اپنے ہم وطنوں کی راہ تک رہے کہ کوئی آئے ہمیں اپنے ملک لے جائے لیکن ان کی آواز حکومت کو سنائی دیتی ہے نا طاقت کے مراکز کو۔ آفاق احمد نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس میں جو بچے شہید ہوئے اسکا درد مجھ سمیت پوری مہاجر قوم کو ہے، میں آج اس تقریب کے ذریعے ان بچوں کے والدین سے اظہار ہمدردی کرتا ہوں اور دعا گو ہوں کہ اللہ انہیں صبر جمیل عطا فرمائے۔ آفاق احمد نے کہا کہ طاقت کا استعمال یا تو دشمن کے خلاف کیا جاتا ہے یا اپنوں کو دشمن بنانے کیلئے، 71ء میں طاقت کا استعمال اپنوں کو دشمن بنانے کیلئے کیا گیا اور یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے، آج جس طرح عوامی خواہشات اور مطالبات کو طاقت کے ذریعے دبایا جارہا اس نے ایک بار پھر ملک کو خطرے میں ڈال رکھا ہے، اب یہ سلسلہ بند ہونا چاہئے، اب اپنوں پر طاقت استعمال کرنے اور غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹنے کی بجائے انہیں اقتدار میں شراکت دیں ۔ انہوں نے مزید کہاکہ محصورین مشرقی پاکستان ہمارے بھائی ہیں، میں کل بھی کہتا تھا آج دوبارہ کہتا ہوں کہ حکومت محصورین مشرقی پاکستان کو صرف پاسپورٹ جاری کرے انہیں ملک واپس لانے کے تمام تر اخراجات مہاجر قومی موومنٹ اٹھائے گی اور اسکے لئے چاہے ہمیں بھیک بھی مانگنا پڑی تو مانگیں گے لیکن اپنے بھائیوں کو واپس لائیں گے۔آخر میں شرکائے تقریب نے سانحہ اے پی ایس اور شہدائے مشرقی پاکستان کیلئے دعائے مغفرت کی۔
77


