یونیورسٹی آف سرگودھا میں بین الاقوامی کانفرنسز، سیمینارز اور سالانہ کتاب میلے کا انعقاد

سرگودھا(ایچ آراین ڈبلیو) یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیر اہتمام سالانہ ریسرچ ایرینا کے دوسرے روز بھی علمی و تحقیقی سرگرمیوں کا سلسلہ بھرپور انداز میں جاری رہا، جس کے دوران دو بین الاقوامی کانفرنسز، ایک سیمینار، سالانہ کتاب میلہ، پوسٹر ڈسپلے، ڈاکٹریٹ ریسرچ ایکسپو اور تھیلیسیمیا آگاہی و اسکریننگ کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔

زرعی کالج کے شعبہ پلانٹ بریڈنگ اینڈ جینیٹکس کے زیر اہتمام گیارہویں بین الاقوامی گندم کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں گندم کی جینیاتی بہتری، موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگی اور مستقبل کے زرعی چیلنجز پر تفصیلی مباحثہ کیا گیا۔ کانفرنس کے مہمانِ خصوصی وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود تھے، جنہوں نے جدید بریڈنگ حکمتِ عملیوں اور عالمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ کانفرنس میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس، وائس چانسلر غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد سمیت امریکا، برطانیہ، ملائیشیا، عراق، ایتھوپیا، ترکی اور پاکستان بھر سے ماہرین نے شرکت کی جبکہ 50 سے زائد تحقیقی مقالہ جات پیش کیے گئے۔

اسی طرح انسٹیٹیوٹ آف فوڈ سائنس اینڈ نیوٹریشن کے زیر اہتمام “پائیدار اور غذائیت سے بھرپور مستقبل کے لیے فوڈ سسٹمز کی ترقی” کے عنوان سے 37ویں بین الاقوامی کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس کے مہمانِ خصوصی وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس جبکہ مہمانِ اعزاز وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر کنول امین تھیں۔ مقررین نے غذائی تحفظ، غذائیت میں جدت اور پائیدار زرعی و غذائی نظام پر تحقیقی مقالات پیش کیے۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے تحقیق و جدت کو معاشی ترقی اور پائیدار حل کے لیے ناگزیر قرار دیا، جبکہ پروفیسر ڈاکٹر کنول امین نے فوڈ مارکیٹ کی عالمگیریت اور صارفین کے رویّوں پر اس کے اثرات پر روشنی ڈالی۔

فیکلٹی آف کمپیوٹنگ اینڈ آئی ٹی کے زیر اہتمام “کمپیوٹنگ فار اے کنیکٹڈ، انٹیلیجنٹ اینڈ سسٹین ایبل فیوچر” کے عنوان سے سیمینار بھی منعقد ہوا، جس میں عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کے مؤثر کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دریں اثنا، وزیر آغاز لائبریری کے زیر اہتمام سالانہ کتاب میلے کا انعقاد کیا گیا، جس کا افتتاح وائس چانسلر جی سی ویمن یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر کنول امین (تمغہ امتیاز) اور وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کیا۔ انہوں نے مختلف کتب اسٹالز کا دورہ کیا اور طلبہ کو کتاب بینی کو فروغ دینے کی تلقین کی۔

مزید برآں، انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن کے زیر اہتمام پوسٹر ڈسپلے اور ڈاکٹریٹ ریسرچ ایکسپو کا افتتاح کیا گیا، جس میں پی ایچ ڈی سطح کی جدید تحقیقی کاوشوں کو پیش کیا گیا۔ ڈیپارٹمنٹ آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے تحت “تھیلیسیمیا سے پاک مستقبل کے لیے قبل از شادی اسکریننگ” کے عنوان سے سیمینار اور اسکریننگ کیمپ بھی منعقد ہوا، جس کا مقصد بروقت تشخیص اور عوامی آگاہی کو فروغ دینا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں