کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران ٹریفک پولیس نے 27 اکتوبر سے 13 دسمبر تک ایک لاکھ 25 ہزار 400 سے زائد ای چالان جاری کیے۔ ٹریفک پولیس حکام کے مطابق اس دوران مختلف خلاف ورزیوں پر اربوں روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر سب سے زیادہ جرمانے کیے گئے، جن کی مجموعی رقم 70 کروڑ 82 لاکھ روپے سے زائد رہی۔ اسی طرح ہیلمٹ نہ پہننے والوں پر 17 کروڑ 55 لاکھ 65 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔
اعداد و شمار کے مطابق اوور اسپیڈنگ پر 3 کروڑ 22 لاکھ روپے، ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کرنے پر 3 کروڑ 1 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے کیے گئے۔ ٹریفک سگنلز کی خلاف ورزی پر 3 کروڑ 64 لاکھ 10 ہزار روپے کے ای چالان جاری ہوئے۔
اس کے علاوہ فینسی نمبر پلیٹس استعمال کرنے والوں پر 1 کروڑ 66 لاکھ 10 ہزار روپے، کالے شیشوں والی گاڑیوں پر 3 کروڑ 89 لاکھ روپے جبکہ نو پارکنگ کی خلاف ورزی پر 1 کروڑ 28 لاکھ 80 ہزار روپے کے ای چالان جاری کیے گئے۔
ٹریفک پولیس حکام کے مطابق ای چالان سسٹم کا مقصد شہریوں کو ٹریفک قوانین کی پابندی پر مجبور کرنا اور سڑکوں پر حادثات میں کمی لانا ہے، جبکہ اس سلسلے میں کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔


