کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کورنگی کے رہائشی محمد احسان کو ای چالان سسٹم کی ایک سنگین خامی کا سامنا کرنا پڑا ہے، جہاں ان کے گھر یکے بعد دیگرے تین ای چالان موصول ہوئے، جس پر شہری شدید پریشانی میں مبتلا ہو گیا۔
متاثرہ شہری کے مطابق موصول ہونے والے ای چالان میں تصاویر میں ایک خاتون اور مرد کو موٹرسائیکل پر سوار دکھایا گیا ہے، جو آئی آئی چندریگر روڈ سے گزرتے ہوئے بغیر ہیلمٹ نظر آتے ہیں۔ خودکار کیمروں نے بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے پر چالان کاٹ کر موٹرسائیکل کے مالک کو بھجوا دیا۔
محمد احسان کا کہنا ہے کہ جس موٹرسائیکل پر چالان بھیجا گیا ہے وہ 70 سی سی ہے اور اس کا رجسٹریشن نمبر KOL-7282 بتایا گیا ہے، جبکہ ان کے پاس موجود موٹرسائیکل کا رجسٹریشن نمبر بھی یہی ہے، تاہم تصویر میں نظر آنے والے افراد اور موٹرسائیکل سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔
متاثرہ شہری کے مطابق یا تو ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کوئی تکنیکی یا ریکارڈ کی غلطی ہوئی ہے، یا پھر کسی موٹرسائیکل سوار نے جعلی نمبر پلیٹ استعمال کر رکھی ہے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ یہ مشکوک موٹرسائیکل کسی بھی غیر قانونی سرگرمی میں استعمال ہو سکتی ہے۔
محمد احسان نے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کی مکمل انکوائری کی جائے، کیونکہ مسلسل چالان موصول ہونے کے باعث وہ مالی طور پر بھی شدید مشکلات کا شکار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے ڈی آئی جی ٹریفک اور سندھ پولیس سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر تحقیقات کر کے اصل حقائق سامنے لائے جائیں۔ متاثرہ شہری نے عوام سے بھی درخواست کی ہے کہ اگر کوئی اس موٹرسائیکل یا تصاویر میں نظر آنے والے نوجوان جوڑے کو جانتا ہو تو فوری طور پر انہیں آگاہ کرے۔


