کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) ملک گیر ہڑتال کرنے والے گڈز ٹرانسپورٹرز نے وفاقی حکومت، پنجاب اور سندھ حکومت کو مطالبات تسلیم کرنے کے لیے 24 گھنٹے کا الٹی میٹم دے دیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں گورنر ہاؤس سندھ کے سامنے دھرنا دیا جائے گا۔
پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب موٹر وہیکل آرڈیننس میں کی گئی ترامیم کو 24 گھنٹوں کے اندر واپس لے اور ڈرائیوروں کو فوری طور پر ایچ ٹی وی لائسنس جاری کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ اور وفاقی حکومتیں ایکسل لوڈ اور کسٹمز سے متعلق مسائل کا فوری حل نکالیں اور ناردرن بائی پاس پر ایک ہزار ایکڑ رقبے پر مشتمل جدید ٹرک اسٹینڈ قائم کیا جائے۔
ٹرانسپورٹرز نے واضح کیا ہے کہ جب تک ان کے تمام مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے، ملک گیر ہڑتال جاری رہے گی۔ ہڑتال کے باعث ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ مکمل طور پر معطل ہے جبکہ بندرگاہوں پر بھی سرگرمیاں ٹھپ ہو کر رہ گئی ہیں، جس سے تجارتی سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں۔


