اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر انڈونیشیا کے صدر پرابوو سو بیانتو دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔
نور خان ایئر بیس آمد پر صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور وزیرِاعظم شہباز شریف نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر انڈونیشین صدر کو 21 توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔
سرکاری دورے کے دوران صدر پرابوو سو بیانتو پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے جن میں تجارت، سرمایہ کاری، دفاعی تعاون، صحت، اطلاعاتی ٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلی، تعلیم اور ثقافتی تبادلے جیسے شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر گفتگو کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق اس دورے کے دوران متعدد مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط بھی متوقع ہیں، جو دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا سبب بنیں گی۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے انڈونیشین صدر کو پاکستان کے دورے کی باضابطہ دعوت دی تھی، جسے انہوں نے قبول کرتے ہوئے یہ دورہ کیا ہے۔


