پنجاب حکومت سے مذاکرات کامیاب، ٹریفک آرڈیننس پر عملدرآمد معطل؛ ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال ختم کردی

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)پنجاب میں ٹرانسپورٹرز کی پہیہ جام ہڑتال حکومت کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد ختم ہوگئی۔ پاکستان ٹرانسپورٹ متحدہ ایکشن کمیٹی نے اعلان کیا کہ ٹریفک آرڈیننس پر عملدرآمد عارضی طور پر معطل کیے جانے کے بعد ہڑتال واپس لی جارہی ہے۔

رات گئے شروع ہونے والی ہڑتال دوپہر تک جاری رہی جس کے باعث صوبے بھر میں عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پبلک ٹرانسپورٹ بند ہونے کے باعث شہریوں کو متبادل ذرائع تلاش کرنا پڑے جبکہ ریلوے اسٹیشنوں پر غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا۔

دوپہر کو صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے پاکستان ٹرانسپورٹ متحدہ ایکشن کمیٹی کے چیئرمین عصمت اللہ نیازی، تنویر خان، نبیل محمود، ملک ندیم حسین سمیت دیگر نمائندوں سے مذاکرات کیے۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ فی الحال ٹریفک آرڈیننس پر عملدرآمد معطل کیا جا رہا ہے اور جرمانے نہیں ہوں گے۔ ساتھ ہی مسائل کے حل کے لیے ایک کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے۔

عصمت اللہ نیازی نے مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ حکومت کی یقین دہانی پر ہڑتال ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کمرشل گاڑیوں کے چالان نہیں ہوں گے اور نہ ہی تھانوں میں گاڑیاں بند کی جائیں گی۔

ہڑتال کے خاتمے کے اعلان کے بعد صوبے کے مختلف شہروں میں ٹرانسپورٹ آہستہ آہستہ بحال ہونا شروع ہوگئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں