کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یومِ ثقافت سندھ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ آج سندھ کے لیے صرف ثقافت کا دن نہیں بلکہ اپنی پہچان پر فخر کی تجدید کا دن ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آج صدیوں کی تہذیب ہماری ذمہ داری بن کر سامنے کھڑی ہے۔ سندھ کی ثقافت رنگوں سے زیادہ کردار اور برداشت کی علامت ہے۔ ہماری سرزمین نے دنیا کو امن، محبت اور علم دیا اور آج اسی روایت کو آگے بڑھانے کا دن ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سندھی کلچر ڈے ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اتحاد ہماری اصل طاقت ہے ۔ثقافت کو صرف پہننا نہیں، بلکہ اسے سمجھنے اور جینے کی ضرورت ہے۔ سندھ کی موسیقیت، زبان اور روایتیں ہی ہمارے مستقبل کی سمت متعین کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی شناخت کسی ایک دن کی نہیں، یہ ہر دل میں دھڑکتی ایک تاریخ ہے۔سندھ کی ثقافت پوری دنیا میں بسنے والے امن چاہنے والوں کی آواز ہے اور سندھی تہذیب صدیوں کی مسافت طے کرکے آج تک پہنچی ہے، جسے ہم مزید روشن کریں گے۔
76


