87

مصطفیٰ کمال کی عذرا پیچوہو سےملاقات،جناح اسپتال کا موضوع زیربحث

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) وفاقی وزیر صحت اور ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما مصطفیٰ کمال نے جمعرات کے روز سندھ کی صوبائی وزیر صحت عذرا پیچوہو سے اہم ملاقات کی، جس میں جناح اسپتال سے متعلق معاملات، عملے کے مسائل اور وفاقی و صوبائی وزارتِ صحت کے درمیان طویل عرصے سے زیر بحث انتظامی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کے ہمراہ اُن کی ٹیم بھی موجود تھی۔ دونوں وزراء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ جناح اسپتال کے انتظامی اور ملازمین سے متعلق مسائل کو باہمی تعاون، افہام و تفہیم اور تعمیری رویّے کے ساتھ حل کیا جائے گا۔

مصطفیٰ کمال نے اس موقع پر کہا کہ وفاقی حکومت صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل، صلاحیتیں اور کردار بروئے کار لائے گی اور صوبائی حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گی، تاکہ عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

وزراء نے اسپتال کے عملے کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے، اور وفاقی و صوبائی سطح پر صحت کے انتظامی امور کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی تشکیل دینے پر بھی اتفاق کیا۔

دونوں رہنماؤں نے امید ظاہر کی کہ قریبی رابطوں اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے جناح اسپتال سمیت سندھ میں صحت کے شعبے کو مضبوط بنایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں