کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) – سانحہ نیپا کے حوالے سے بی آر ٹی ریڈ لائن انتظامیہ نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جائے وقوعہ کے قریب بی آر ٹی کی کوئی سرگرمی نہیں ہو رہی تھی۔ بی آر ٹی منیجر نے بتایا کہ واقعہ کی جگہ بی آر ٹی ریڈ لائن کے تعمیراتی کاموں سے کافی فاصلے پر واقع ہے اور نہ وہاں کوئی کھدائی جاری تھی اور نہ ہی تعمیراتی رکاوٹیں موجود تھیں۔
بی آر ٹی منیجر کے مطابق سڑک کی تعمیر مکمل اور برقرار ہے، اور سیوریج یا نالے کے نظام کی کوئی انتظامی یا مرمتی ذمہ داری بی آر ٹی کے دائرہ کار میں شامل نہیں۔ واقعے کے مقام کے آس پاس یا اس پر کوئی تعمیراتی سرگرمی نہیں ہوئی۔
بی آر ٹی کے جاری کام متعلقہ اداروں کے این او سی کے بعد شروع کیے جاتے ہیں اور کام کے آغاز سے پہلے تمام مجاز اداروں کو اعتماد میں لیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارکنگ ایریا جہاں سانحہ پیش آیا، وہ اسٹور کے استعمال میں ہے اور سانحے کا بی آر ٹی ریڈ لائن پروجیکٹ سے تعلق جوڑنا سنگین غلط فہمی ہے۔


