عراق، کربلا(ایچ آراین ڈبلیو) سندھ کے صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے گورنر کربلا نصیف جاسم الخطابی سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، زائرین کے لیے سہولیات اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون سمیت اہم معاملات پر گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں زائرینِ پاکستان کے لیے سہولیات کی فراہمی، ویزوں میں آسانی اور انتظامی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پاکستان اور عراق روحانی بھائیوں کی طرح ہیں اور دونوں ممالک مشکل وقت میں ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں۔
ملاقات میں پاک–عراق تجارتی تعلقات پر بھی بات چیت ہوئی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات عراق میں مقبولیت رکھتی ہیں اور تجارت کے فروغ کے لیے مزید مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔
دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں تعاون بڑھانے اور زائرین کی سہولت کے لیے مستقل رابطہ برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔


