ملیر (ایچ آراین ڈبلیو) — گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ ملیر کے رہائشی ترقی دیکھنا چاہتے ہیں اور اسکول و اسپتال جیسے بنیادی سہولیات کا خواب پورا ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے پلیٹ فارم سے ملیر میں ترقی ممکن ہوگی اور اب دیکھنا یہ ہے کہ ترقی کی راہ میں رکاوٹ کون ہے۔
گورنر سندھ نے جلسے کے دوران وعدہ کیا کہ ملیر ٹاؤن کے ایک ہزار نوجوان بھائیوں کو آئی ٹی کے کورسز فراہم کیے جائیں گے اور ملیر میں ایک وفاقی یونیورسٹی قائم ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ملیر کے لیے بہترین سہولیات والا اسپتال ہونا چاہیے تاکہ عوام مشکلات کا سامنا نہ کریں۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ ایم کیو ایم کے نظریاتی کارکن آج بھی فعال ہیں اور گورنر ہاؤس میں مفت آئی ٹی کورسز کے ذریعے نوجوانوں کو تعلیم و روزگار کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں، جس سے ایک بچہ 8 سے 10 لاکھ روپے کما سکتا ہے۔
گورنر سندھ نے مزید کہا کہ وہ اپنے منصب کی پرواہ نہیں کرتے اور مہاجر ہونے پر فخر ہے۔ انہوں نے بھارت اور بلوچستان میں دہشت گردی میں ملوث عناصر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی یہ بات چھوڑ دیں کہ وہ سندھ حاصل کر سکتے ہیں، اور آج بھی ملک کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے نوجوان موجود ہیں۔


