جامشورو(ایچ آراین ڈبلیو) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کی تقسیم سے متعلق افواہوں میں کوئی صداقت نہیں، نہ ہم تقسیم پر راضی ہیں اور نہ ہی عوام اس کی اجازت دیں گے۔
جامشورو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام اور سندھ کی تقسیم کی افواہوں پر عوام کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ “سندھ ایک ہے، اور آپ اور ہم میں سے کوئی بھی اس کی تقسیم پر راضی نہیں ہوگا۔ ہم صرف پاکستان کے مفاد کی بات کرتے ہیں۔”
گورنر سندھ کی ممکنہ تبدیلی سے متعلق سوال پر مراد علی شاہ نے کہا کہ انہوں نے گورنر کی تبدیلی کا بیان سنا ہے، لیکن گورنر کا تقرر وزیراعظم کا آئینی اختیار ہے۔ وزیراعظم صدر کو سفارش کرتے ہیں، جس کے بعد گورنر تعینات ہوتا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے ساتھ سیاسی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ انتخابات کے بعد پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان اتحاد قائم ہوا تھا، اور یہ سلسلہ جاری ہے۔ “28ویں آئینی ترمیم آنے سے پہلے اس پر تبصرہ مناسب نہیں۔”
چینی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چینی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ تشویشناک ہے۔ “آج صبح چیف سیکریٹری سے بات ہوئی ہے، اور قیمتیں کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔”
سرکاری نوکریوں سے متعلق سوال پر مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں آئندہ ہفتے سے نوکریاں میرٹ پر دینا شروع کی جائیں گی۔


