111

مہاجر عوام متحدہ کامکروہ چہرہ پہچان چکے، جھانسے میں نہیں آئیں گے، شوکت فاروقی

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)مہاجرقومی موومنٹ (پاکستان)کے وائس چیئرمین شوکت اللہ فاروقی نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ اسمبلی میں 27ویں ترمیم کی خاموشی سےحمایت کرنےکےبعد عوامی عدالت لگانے کی باتیں کرکے عوام کو بیوقوف بنانے کی بھونڈی کوشش کررہی ہے، عوام انکا مکروہ چہرہ پہچان چکے ہیں، اب انکے جھانسے میں مہاجر عوام نہیں آئیں گے۔ کورنگی انڈسٹریل ایریا سے آنے والے نوجوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت اللہ فاروقی نے کہا کہ کراچی صوبہ ہمارا مطالبہ کبھی نہیں رہا، ہم اس صوبے کی حمایت کریں گے جو بانی پیپلز پارٹی کی کھینچی دیہی اور شہری سندھ کی لکیر پر مشتمل ہو۔ شوکت اللہ فاروقی نے کہا کہ متحدہ سے یہ توقع لگانا کہ وہ 28ویں ترمیم پر ٹارزن بن کر مطالبات منوالے گی دیوانے کا خواب ہے، یہ وہی کریں گے جو فارم 47بنانے والے چاہیں گے کیونکہ انکے منہ میں زبان اپنی ہے نا اپنی مرضی سے ہل سکتے ہیں، اپنی عیاشیوں کیلئے انہوں نے مہاجر قوم کا سودا کردیا ہے اب یہ بات قوم کے سمجھ میں آجانی چاہئے۔ شوکت اللہ فاروقی نے کہا کہ متحدہ اور پیپلز پارٹی کی ملی بھگت سے کراچی تباہ ہوچکا ہے، اس تباہی پر مقتدرہ قوتوں کی خاموشی انکی ساکھ خراب کررہی ہے، ارباب اقتدار چپ کا روزہ توڑیں اور کراچی کو بچانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں کیونکہ کراچی کی بقاء میں ہی ملکی بقاء مضمر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں