کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) ایف آئی اے کراچی زون نے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان کے مطابق ڈی جی ایف آئی اے کی خصوصی ہدایات پر کمرشل بینکنگ سرکل اور اسٹیٹ بینک سرکل نے مشترکہ آپریشن کیا۔ گرفتار ملزمان میں پرویز کھانانی اور عمران خان شامل ہیں، جنہیں گل پلازہ شاپنگ سینٹر اور طارق روڈ کراچی سے حراست میں لیا گیا۔ ایف آئی اے کے مطابق دونوں ملزمان بغیر لائسنس کرنسی ایکسچینج کا کاروبار کر رہے تھے اور غیر قانونی لین دین میں سرگرم تھے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 30 ہزار 500 امریکی ڈالر، موبائل فونز، چیک بکس اور دیگر اہم ریکارڈ برآمد کیا گیا ہے۔ ایف آئی اے نے بتایا ہے کہ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جب کہ دونوں گرفتار افراد سے مزید تفتیش جاری ہے۔
104


