کراچی (ایچ آر این ڈبلیو) دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے کے تھری پمپ ہاؤس میں کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کا بریک ڈاؤن پیدا ہوگیا، جس کے باعث شہر میں پانی کی قلت مزید بڑھ گئی ہے۔ ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق بریک ڈاؤن گزشتہ رات 9 بجے پیش آیا۔
ترجمان نے بتایا کہ کے الیکٹرک حکام کی جانب سے *کیبل فالٹ* سامنے آیا ہے اور 14 گھنٹے گزرنے کے باوجود فالٹ تاحال دور نہیں کیا جاسکا ہے۔
بجلی کی فراہمی معطل ہونے کے باعث کے تھری پمپ ہاؤس کے **دو بڑے پمپس بند** ہوگئے، جس کے نتیجے میں شہر کو اب تک **40 ملین گیلن پانی کی کمی** کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق کے الیکٹرک انتظامیہ نے جلد فالٹ کی مرمت مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، جبکہ واٹر کارپوریشن حکام کے الیکٹرک سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ **بجلی بحالی کے فوری بعد پمپنگ کا نظام معمول پر آجائے گا۔**


