70

عالمی یومِ ذیابیطس: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا عوام کے نام آگاہی پیغام

کراچی (ایچ آر این ڈبلیو) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عالمی یومِ ذیابیطس کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ آج کا عالمی دن *“زندگی کے مراحل میں ذیابیطس”* کے عنوان سے منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد اس بیماری کے بڑھتے ہوئے خدشات اور اس کے اثرات سے متعلق عوامی شعور اجاگر کرنا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ذیابیطس عالمی وبا کی صورت اختیار کر چکی ہے اور ہر عمر کا فرد اس بیماری کا شکار ہوسکتا ہے۔ انہوں نے اس موذی مرض سے بچاؤ کے لیے آگاہی کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ صحت مند طرزِ زندگی، جسمانی سرگرمی اور متوازن غذا ذیابیطس کی روک تھام کا مؤثر ذریعہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ذیابیطس بینائی، گردے، دل اور اعصاب کی بیماریوں کا بڑا سبب بنتی ہے، جبکہ اس مرض میں مبتلا افراد میں ہارٹ اٹیک اور فالج کا خطرہ کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے زور دیا کہ باقاعدہ اسکریننگ اور بروقت علاج کے ذریعے ذیابیطس کے اثرات میں نمایاں کمی لائی جاسکتی ہے۔

سید مراد علی شاہ نے شہریوں کو تمباکو نوشی سے پرہیز، باقاعدہ ورزش اور صحت مند غذا اپنانے کی تلقین کی، اور کہا کہ ذیابیطس کی روک تھام اور علاج صوبائی حکومت کی پبلک ہیلتھ حکمت عملی کا اہم حصہ ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ محکموں کو صوبے بھر میں ذیابیطس سے آگاہی اور بچاؤ کی مہم تیز کرنے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ ذیابیطس کی ابتدائی تشخیص اور اسکریننگ کی مفت سہولیات میں مزید توسیع کی جائے، جبکہ اسپتالوں اور صحت مراکز میں مریضوں کو مستند علاج اور سہولیات فراہم کی جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس بیماری کی پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے باقاعدہ طبی معائنے ضروری ہیں، کیونکہ بروقت تشخیص ہزاروں جانیں بچا سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسکولوں اور کمیونٹی سطح پر ذیابیطس آگاہی سیمینارز کا انعقاد کیا جائے تاکہ عوامی شعور کو بڑھایا جاسکے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آخر میں عوام سے اپیل کی کہ وہ صحت مند طرزِ زندگی اپنائیں اور ذیابیطس سے بچاؤ کے اقدامات کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں