96

بلوچستان کے ریکوڈک، سیندک اور سیاہ دک وہ تین بڑے کاپر اور گولڈ پروجیکٹس، عالمی توجہ کا مرکز کیوں؟

نوکنڈی (ایچ آراین ڈبلیو) ریکوڈک، سیندک اور سیاہ دک وہ تین بڑے کاپر اور گولڈ پروجیکٹس ہیں جو اس وقت عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ یہ تینوں پروجیکٹس بلوچستان کی تحصیل نوکنڈی، تفتان کے علاقے میں واقع ہیں، جو قدرتی وسائل سے مالا مال ہونے کے باوجود ترقی اور بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ یہاں کی زمین سونے، چاندی اور دیگر قیمتی معدنیات سے بھری ہوئی ہے، لیکن اس کی بدقسمتی یہ ہے کہ ان معدنی وسائل سے حاصل ہونے والے اربوں روپے کے منافع کے باوجود مقامی آبادی آج بھی روزگار، تعلیم، صحت اور بنیادی انفراسٹرکچر جیسے مسائل کا شکار ہیسیندک پروجیکٹ کو بیس سال سے زیادہ کا عرصہ ہو چکا ہے اور اس دوران پاکستانی اور چائنیز کمپنیاں یہاں سے کھربوں روپے کما رہی ہیں،لیکن حیرت انگیز طور پر ان پروجیکٹس کے قریبی دیہات، جو محض ایک سے پانچ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہیں، آج تک ایک انچ پکی سڑک سے بھی محروم ہیں۔ یہی نہیں، نوکنڈی سے تفتان تک قومی شاہراہ، جو سیندک پروجیکٹ اور تفتان بارڈر سے روزانہ سینکڑوں ہیوی گاڑیوں کی آمد و رفت کا ذریعہ ہے، مکمل طور پر خستہ حالی کا شکار ہے۔ اس شاہراہ کی خستہ حالت سے نہ صرف سفری مشکلات بڑھ گئی ہیں بلکہ روزمرہ زندگی بھی متاثر ہو رہی ہینوکنڈی شہر کی اندرونی سڑکیں بھی انتہائی مخدوش حالت میں ہیں۔
گزشتہ دو سالوں سے یہاں کوئی نئی سڑک نہیں بنی اور پرانی سڑکیں مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں۔ شہر کی گلیاں کچرے کے ڈھیروں سے بھری ہوئی ہیں، جو نہ صرف شہر کی خوبصورتی کو متاثر کر رہی ہیں بلکہ عوام کی صحت پر بھی سنگین اثرات مرتب کر رہی ہیں۔ کچی اور ٹوٹی پھوٹی سڑکوں پر گاڑیوں کی آمد و رفت سے اٹھنے والی دھول اور آلودگی نے بیماریوں کو جنم دے دیا ہے، جس سے مقامی آبادی مسلسل مشکلات کا شکار ہیحیرت کی بات یہ ہے کہ میڈیا پر نوکنڈی کو ایک جدید اور ترقی یافتہ شہر کے طور پر پیش کیا جاتا ہے، جبکہ حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔
یہاں کی بنیادی سہولیات کا فقدان اور انفراسٹرکچر کی خستہ حالی مقامی حکومت اور متعلقہ اداروں کی نااہلی کو واضح کرتی ہے۔ ایسے میں ضروری ہے کہ حکومتی ادارے اور ان پروجیکٹس سے وابستہ کمپنیاں اپنی ذمہ داری کو محسوس کرتے ہوئے مقامی آبادی کے مسائل پر توجہ دیں اور علاقے کی تعمیر و ترقی کے لیے عملی اقدامات کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں