کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے ڈائریکٹر پبک ایشوز کمیٹی ابو بکر عثمان نے وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سے پرزور اپیل کی ہے کہ حج کی دوسری قسط جمع کرانے کی آخری تاریخ میں کم از کم دو ہفتے کی توسیع کی جائے، تاکہ تمام حاجی حضرات اپنی سہولت کے مطابق قسط جمع کروا سکیں اور کسی قسم کی پریشانی یا مالی دباؤ کا شکار نہ ہوں۔ یہ توسیع نہ صرف حاجیوں کے لیے آسانی کا باعث بنے گی بلکہ وزارت کے انتظامی عمل کو بھی بہتر انداز میں پایہ ء تکمیل تک پہنچانے میں مددگار ثابت ہوگی۔ واضح رہے کہ وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب کی جانب سے حج 2025ء کے لیے عازمینِ حج کی دوسری اور فائنل قسط جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 نومبر مقرر کی گئی ہے۔ 15 نومبر ہفتے کے روز آتی ہے، جب عموماً تمام بینکوں کی برانچز بند رہتی ہیں۔ اس صورتِ حال میں مؤثر طور پر 14 نومبر ہی آخری تاریخ بن جاتی ہے۔ موجودہ مالیاتی حالات کے پیشِ نظر عازمینِ حج کے لیے قسط کی رقم بروقت جمع کرانا نہایت دشوار ہو چکا ہے۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی، بینکنگ نظام میں دباؤ اور عام شہریوں کی مالی مشکلات کے باعث بڑی تعداد میں عازمین کو اپنی ادائیگی بروقت مکمل کرنے میں دشواری کا سامنا ہے-


