کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) — کے الیکٹرک کے فورتھ فیز دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی بجلی گزشتہ 48 گھنٹوں سے زائد عرصے سے معطل ہے جس کے باعث شہر بھر میں پانی کی فراہمی بری طرح متاثر ہو گئی ہے۔
کے الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق بجلی کی بندش زیرِ زمین کیبل فالٹ کے باعث ہوئی، جس کی مرمت میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ کے الیکٹرک کی تکنیکی ٹیمیں فالٹ کی نشاندہی اور مرمت کے لیے مسلسل کام کر رہی ہیں اور دشواریوں کے باوجود بجلی کی بحالی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
دوسری جانب واٹر کارپوریشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ واٹر کارپوریشن حکام کے الیکٹرک انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور مرمتی کاموں میں بھرپور تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق کے الیکٹرک اور واٹر کارپوریشن کی مشترکہ کوشش ہے کہ بجلی جلد بحال ہو تاکہ پانی کی فراہمی کا نظام دوبارہ بحال کیا جا سکے۔ یاد رہے کہ 5 نومبر بروز بدھ کو فورتھ فیز دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی بجلی کیبل فالٹ کے باعث بند ہوئی تھی، جس کے نتیجے میں تین پمپس بند ہونے سے شہر کو اب تک **140 ملین گیلن پانی کی کمی** کا سامنا ہے۔


