88

گورنر کے پی نے گنڈا پور کے استعفیٰ پر فوری کارروائی سے انکار کر دیا، قانونی جانچ کا فیصلہ

پشاور(ایچ آراین ڈبلیو) خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی کو علی امین گنڈا پور کا استعفیٰ موصول ہو گیا ہے، تاہم گورنر ہاؤس نے فوری منظوری دینے سے معذرت کر لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے انسداد بدعنوانی بریگیڈیئر (ر) مصدق عباسی نے گنڈا پور کا استعفیٰ گورنر ہاؤس پہنچایا، جسے کیئر ٹیکر نے وصول کرتے ہوئے رسمی رسید جاری کی۔ اس استعفیٰ پر 11 اکتوبر کی تاریخ درج ہے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے تصدیق کی کہ “استعفے کی جانچ پڑتال اور قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ہی اس پر باقاعدہ عملدرآمد ہوگا۔” ذرائع کے مطابق گورنر نے فوری منظوری دینے سے معذرت کر لی ہے۔

گورنر ہاؤس نے پیر کو اپنی قانونی ٹیم کے ساتھ اس معاملے پر غور کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں استعفیٰ سے متعلق آئینی تقاضوں اور ممکنہ پیچیدگیوں کا جائزہ لیا جائے گا۔

اس دوران سیاسی حلقوں میں اطلاعات ہیں کہ اگر استعفیٰ منظور نہ ہوا تو پی ٹی آئی کے پاس متبادل منصوبہ بھی موجود ہے۔ یہ معاملہ صوبائی سیاسی صورتحال میں ایک نیا موڑ ثابت ہو سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں