کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) شہر قائد کے علاقے ہجرت کالونی سے ڈیڑھ ماہ قبل اغوا کی گئی چار سالہ بچی ماہرہ کو کوئٹہ سے بحفاظت بازیاب کر لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ماہرہ کو 25 اگست کو گھر کے باہر کھیلتے ہوئے موٹر سائیکل سوار نامعلوم افراد نے اغوا کیا تھا، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آئی تھی۔ واقعے کے بعد سول لائن پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق، کوئٹہ میں ایک خاندان نے متاثرہ خاندان سے رابطہ کرتے ہوئے بتایا کہ ماہرہ کو کوئی نامعلوم شخص حب میں چھوڑ گیا تھا، جہاں وہ کئی دنوں تک ان کے ساتھ رہی۔ یہ خاندان بچی کو اپنے ہمراہ کوئٹہ میں ایک شادی کی تقریب میں بھی لے گیا۔
بچی کے والد کا کہنا ہے کہ انہیں واقعہ کی معلومات ملنے کے بعد فوری طور پر پولیس کو آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ماہرہ فی الحال کوئٹہ میں موجود ہے اور اسے ایک دو روز میں کراچی لایا جائے گا۔
پولیس نے بازیابی کے عمل کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ تفصیلی تحقیقات جاری ہیں اور اصل مجرموں کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔


