نیو کراچی ٹاؤن میں انسداد پولیو مہم کا افتتاح

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)نیو کراچی ٹاؤن میں پولیو مہم کے آغاز کے حوالے سے ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف محکموں کےافسران، منتخب نمائندے اورسماجی رہنماشریک ہوئے۔افتتاحی تقریب میں چیئرمین نیوکراچی ٹاؤن محمد یوسف، اسسٹنٹ کمشنر نیو کراچی کیپٹن (ر)فرید حنیف،میونسپل کمشنرایازحمید اللہ بلوچ ،وائس چیئرمین نیوکراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرنیوکراچی ڈاکٹرشارق حبیب،سینیئر کمیونیکیشن آفیسر نیو کراچی ٹاؤن ڈاکٹر فوزیہ ،ٹاؤن کے افسران شمعونہ صدف، فیصل صغیر، اسفند اور پبلک ریلیشن آفیسر نیو کراچی ٹاؤن عقیل اخترسمیت مختلف یونین کونسلوں کے وائس چیئرمین اور ہیلتھ افسران بھی شریک تھے۔افتتاحی تقریب سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے کہا کہ پولیو مہم قومی خدمت کا حصہ ہے اور ہر شہری کو اس میں بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نےکہا،دنیا کےوہ ممالک جہاں عوام نےاجتماعی طور پر کوشش کی، وہاں پولیو کا مکمل خاتمہ ہو گیا۔ اگر ہم سب ذمہ داری کے ساتھ یہ مہم چلائیں تو پاکستان کو بھی پولیو فری ملک بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مہم کے دوران کارکنان کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے انتظامیہ کو فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت، محکمہ صحت اور بلدیاتی ادارے اس قومی مقصد کے لیے ایک ساتھ کام کر رہے ہیں، اور نیو کراچی ٹاؤن کی تمام انتظامیہ، افسران اور عوامی نمائندے اس مہم کی کامیابی کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔اسسٹنٹ کمشنر نیو کراچی، کیپٹن (ر) فرید حنیف نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس بار پولیو مہم کو یونین کونسل کی سطح پر منظم انداز میں شروع کیا گیا ہے تاکہ ہر گھر تک رسائی ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا:یہ مہم صرف محکمہ صحت کی نہیں بلکہ پوری قوم کی مہم ہے۔ ہم سب کو ٹیم ورک کے طور پر کام کرنا ہوگا تاکہ کوئی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔ اگر ہم جذبے، ایمانداری اور تعاون سے آگے بڑھیں تو پاکستان کو پولیو فری ملک بنانا کوئی خواب نہیں۔میونسپل کمشنر نیو کراچی ٹاؤن، ایاز حمید اللہ بلوچ نے کہا کہ ٹاؤن انتظامیہ نے تمام عملے کو ہدایت دی ہے کہ وہ پولیو ٹیموں کو مکمل معاونت فراہم کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مہم کو کامیاب بنانا ہمارا قومی فریضہ ہے، اور نیو کراچی ٹاؤن اس مقصد کے لیے ہر سطح پر کوشاں رہے گا۔ہیلتھ آفیسر نیو کراچی ٹاؤن، ڈاکٹر شارق حبیب نے کہا کہ پاکستان میں پولیو ایمرجنسی کی صورتحال میں تمام اداروں کا متحد ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا،پولیو ویکسین محفوظ اور مؤثر ہے، اس سے بچوں کو تحفظ اور صحت مند زندگی ملتی ہے۔ ہمارا ہدف ہے کہ پاکستان کو جلد از جلد پولیو فری ملک کے طور پر دنیا کے سامنے پیش کیا جائے۔تقریب کے اختتام پر بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا باضابطہ آغاز کیا گیا۔ شرکائ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نیو کراچی ٹاؤن کو مکمل طور پر پولیو فری علاقہ بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں