100

محنت کشوں کو تحفظ کی فراہمی پاکستان پیپلزپارٹی کا اہم جزو ہے،سعید غنی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ محنت کشوں کے تحفظ اور ان کو سہولیات کی فراہمی پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور کا اہم جزو ہے۔ سندھ حکومت ہیلتھ کارڈ اور ہیلتھ انشورنس کی بجائے تمام بڑے اسپتالوں کو سالانہ اربوں روپےکی گرانٹ اسی لئےفراہم کرتےہے کہ وہاں ضرورت مندوں کو مفت علاج میسر آسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن سندھ کے وفد جس کی سربراہی سرپرست اعلٰی و صدر کراچی اقبال نون نے کی ان سے اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں سندھ سے عامر افضال شاہ، عبدالخالق، ایوب میر، عمران خانزادہ، نصیر خاور، فیاض احمد، کراچی سے جنرل سیکرٹری عبدالحمید ڈاڈا، چوہدری نذیر احمد ، نثار احمد، مشتاق میمن، خرم مشتاق و دیگر شامل تھے۔ وفد نے صوبائی وزیر سعید غنی کو وزارت محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر پر سرپرست اعلٰی اقبال نون نے صوبائی وزیر کو اخبار فروشوں کو درپیش مسائل بالخصوص اخباری صنعت کی موجودہ صورتحال، اخبار فروشوں کے لئے صحت کارڈ یا صحت انشورنس، بڑے شہروں میں اخبار مارکیٹوں کے قیام اور اخبار فروشوں کو محنت کشوں کی فہرست میں شامل کرنے سمیت دیگر مطالبات پیش کئے۔ سعید غنی نے کہا کہ محنت کشوں کے تحفظ اور ان کو سہولیات کی فراہمی پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور کا اہم جزو ہے۔ سندھ بھر کے اخبار فروشوں کے مسائل کے حل کے لئے ماضی میں بھی پیپلز پارٹی نے ہر ممکن اقدامات کئے ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ موجودہ ڈیجٹل اور سوشل میڈیا کے دور میں اخبار کی صنعت سے وابستہ اخبار فروشوں کو مشکلات کا سامنا ہے اور ہم ان مشکلات کے ازالے کے لئے اخبار فروشوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ سندھ حکومت ہیلتھ کارڈ اور ہیلتھ انشورنس کی بجائے تمام بڑے اسپتالوں کو سالانہ اربوں روپے کی گرانٹ اسی لئے فراہم کرتے ہے کہ وہاں ضرورت مندوں کو مفت علاج میسر آسکے۔ اخبار فروشوں کو محنت کش تصور کرتے ہیں اور اس حوالے سے سندھ سوشل سیکورٹی کے قوانین میں ترامیم کے بعد تمام محنت کشوں کو تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم ہوسکیں گی-

اپنا تبصرہ بھیجیں