102

قوم کے مستقبل کی تعمیر میں اساتذہ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)صوبائی وزیر بلدیات، ہاؤسنگ و ٹاؤن پلاننگ سندھ سید ناصر حسین شاہ نے عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ استاد قوم کے مستقبل کی تعمیر میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ استاد وہ رہنما ہے جو نئی نسل کو علم، کردار اور شعور کی روشنی سے منور کرتا ہے۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ تعلیم کے بغیر معاشرے ترقی نہیں کر سکتے، اور اساتذہ کی محنت، رہنمائی اور تربیت ہی قوموں کو کامیابی کی راہ پر گامزن کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ استاد صرف علم نہیں دیتا بلکہ کردار سازی اور انسانیت کا درس بھی دیتا ہے، جو کسی بھی معاشرے کی اخلاقی بنیادوں کو مضبوط بناتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اساتذہ کے مسائل کے حل اور تعلیم کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، کیونکہ مضبوط تعلیمی نظام ہی ایک مستحکم اور باشعور معاشرے کی ضمانت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اساتذہ کے احترام اور وقار کے تحفظ کو یقینی بنانا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت سندھ اساتذہ کو ہر ممکن سہولت اور وسائل فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے تاکہ وہ پوری توجہ کے ساتھ نئی نسل کی تعلیم و تربیت کا فریضہ انجام دے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی یومِ اساتذہ ہمیں یہ یاد دہانی کراتا ہے کہ قوموں کی ترقی کا آغاز ہمیشہ استاد کے ہاتھ سے ہوتا ہے، اور ہمیں ان کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے ساتھ عملی طور پر ان کے مسائل کے حل کے لیے کام کرنا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں