کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) جامعہ کراچی کی میزبانی میں پرائم منسٹر یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ باکسنگ ایونٹ میں گولڈ،سلوراور برونزمیڈلز حاصل کرنے اورپہلی دوسری اورتیسری پوزیشن حاصل کرنےوالوں میں میڈلز،ٹرافیاں اورکیش انعامات کی تقسیم کی تقریب جمعہ کےروز چائنیز ٹیچرز میموریل آڈیٹوریم جامعہ کراچی میں منعقد ہوئی۔میڈلز،ٹرافیاں اور کیش انعامات بدست پرائم منسٹر یوتھ پروگرام سندھ کے کوآرڈینیٹر فہد شفیق اورشیخ الجامعہ پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی تقسیم کئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی میں منعقدہ پرائم منسٹر یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ باکسنگ ایونٹ جس کی میزبانی جامعہ کراچی نے کی خواتین کیٹیگری میں پہلی پوزیشن کی ٹرافی کراچی نے حاصل کی جبکہ دوسری پوزیشن کی ٹرافی حیدرآباد اور تیسری پوزیشن کی ٹرافی حاصل کرنے میں شہید بینظیر آباد ریجن کو کامیابی حاصل ہوئی۔
لڑکوں کی کیٹیگری میں بھی پہلی پوزیشن کی ٹرافی کراچی نے حاصل کی جبکہ دوسری پوزیشن کی ٹرافی شہید بینظیر آباد اور تیسری پوزیشن کی ٹرافی حاصل کرنے میں حیدرآباد ریجن کامیاب ہوئی۔
لڑکیوں کی کیٹیگری میں کراچی ریجن نے سب سے زیادہ چھ گولڈ میڈل جبکہ ایک برونزمیڈل حاصل کیا۔حیدرآباد ریجن نے تین برونز،ایک سلور جبکہ ایک گولڈ میڈل حاصل کیا۔اسی طرح لاڑکانہ ریجن نے چار سلورجبکہ دوبرونزمیڈل حاصل کئے،سکھر ریجن نے دوسلورمیڈلز اور شہید بینظیر آباد نے دوبرونز میڈل حاصل کئے۔
لڑکوں کی کیٹیگری میں کراچی ریجن نے سب سے زیادہ سات گولڈ جبکہ ایک سلورمیڈل حاصل کیا،حیدرآباد ریجن نے ایک گولڈ،دوسلوراور دوبرونز میڈلز حاصل کئے۔سکھر ریجن نے ایک سلور جبکہ ایک برونز میڈل حاصل کیا جبکہ لاڑکانہ ریجن نے دوبرونز اور ایک سلورمیڈل حاصل کیا۔اسی طرح شہید بینظیر آباد ریجن نے ایک گولڈ میڈل جبکہ تین سلور اور دوبرونز میڈل حاصل کئے۔گولڈ،سلوراور برونز میڈلز حاصل کرنے والے تمام کھلاڑیوں کو نقد کیش انعامات سے بھی نوازاگیا۔تقریب میں منٹورکو ایک لاکھ روپے نقدکیش جبکہ ججز اور آرگنائزرزکو شیلڈ سے نوازاگیا۔
ایونٹ کے فوکل پرسن اور آرگنائزنگ سیکریٹری پروفیسر ڈاکٹر باسط انصاری نے ایونٹ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ صوبہ سندھ کے پانچ بڑے خطوں،کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، اور شہید بینظیر آباد میں باکسنگ ٹرائلز منعقد کیے گئے، جن میں مرد و خواتین سمیت تقریباً 750 کھلاڑیوں نے بھرپور شرکت کی۔ ان ٹرائلز کی بنیاد پر ہر خطے سے مرد و خواتین پر مشتمل پانچ، پانچ ٹیمیں تشکیل دی گئی، یوں مجموعی طور پر 10 ٹیمیں پروینشل باکسنگ لیگ کے لیے منتخب ہو ئیں۔
پروینشل باکسنگ لیگ کے مقابلوں کا انعقاد جامعہ کراچی کے جمنازیم میں کیا گیا، جس میں ہونے والے انفرادی مقابلوں کے نتائج کی بنیاد پر گولڈ اور سلور میڈل جیتنے والے باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل دو نمائندہ ٹیمیں منتخب کی جائیں گی۔ یہ ٹیمیں نیشنل لیگ میں صوبہ سندھ اور جامعہ کراچی کی نمائندگی کریں گی۔
اس موقع پر پرائم منسٹر یوتھ پروگرام سندھ کے کوآرڈینیٹر فہد شفیق نے کہا کہ کراچی یونیورسٹی ہمیشہ سے اسپورٹس سرگرمیوں میں سرفہرست رہی ہے۔ پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو بھرپور مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں کیونکہ نوجوانوں پر کیا جانے والا سرمایہ خرچ نہیں بلکہ قوم کے روشن مستقبل کی سرمایہ کاری ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق نوجوانوں کو ایسے پلیٹ فارمز فراہم کیے جا رہے ہیں جہاں وہ اپنی صلاحیتوں اور ہنر کا بھرپور اظہار کر سکیں۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نوجوانوں کو ہر شعبے میں یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے تاکہ وہ قومی ترقی میں موثر کردار ادا کر سکیں۔
فہد شفیق نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان اس وقت نوجوانوں کی ترقی اور انہیں بااختیار بنانے پر سب سے زیادہ بجٹ خرچ کر رہی ہے، کیونکہ نوجوان ہی ملکی معیشت کی بحالی کی کنجی ہیں۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی تقریباً 70 فیصد آبادی 35 برس سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے، اور یہی نوجوان پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی ہیں-


