اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)وفاقی حکومت نے افغان شہریوں کی واپسی کے عمل کے تحت خیبرپختونخوا میں واقع پانچ افغان مہاجر کیمپس بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزارت حکومتی امور نے اس سلسلے میں باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق بند کیے جانے والے کیمپس میں ہری پور کے تین، چترال کا ایک اور دیر بالا کا ایک کیمپ شامل ہے۔ زمینوں کو صوبائی حکومت اور متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ہری پور کے پنیان کیمپ میں گزشتہ چالیس سال سے ایک لاکھ سے زائد افغان مہاجرین مقیم تھے۔ اقوام متحدہ کے مہاجرین کے ادارے (یو این ایچ سی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا میں اس وقت افغان مہاجرین کی سب سے بڑی تعداد موجود ہے۔
اس فیصلے کے پس منظر میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور پہلے ہی افغان مہاجرین کی زبردستی وطن واپسی کے خلاف اپنا موقف بیان کر چکے ہیں۔


