اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)پرائیویٹ اسکیم کے تحت حج درخواستوں کی سست رفتار وصولی نے سعودی عرب سے مختص کردہ 40 ہزار حج کوٹے کے ضائع ہونے کا خدشہ پیدا کر دیا ہے۔
محکمہ مذہبی امور کے مطابق 20 ستمبر سے اب تک محض اٹھارہ سو (1800) درخواستیں ہی جمع ہو سکی ہیں، جو کل مختص کردہ کوٹے کا محض 4.5 فیصد بنتا ہے۔ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 17 اکتوبر مقرر کی گئی ہے۔
صورت حال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے وزارت مذہبی امور نے سخت تشویش کا اظہار کیا ہے اور تمام پرائیویٹ حج ٹور آپریٹرز کو خطوط جاری کر کے بکنگ کا عمل تیز کرن کی ہدایت کی ہے۔
خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگر موجودہ رفتار برقرار رہی تو سعودی حکومت کی جانب سے دیے گئے کوٹے کا بڑا حصہ استعمال نہ ہو سکے گا، جس سے نہ صرف پرائیویٹ آپریٹرز بلکہ ہزاروں حجاج کرام کے خوابوں پر پانی پھر سکتا ہے۔ وزارت نے عازمین حج سے اپیل کی ہے کہ وہ آخری تاریخ کا انتظار نہ کریں اور فوری طور پر اپنی درخواستیں جمع کروائیں۔


