55

پنجاب میں سیلاب کی تباہی: 3 ہزار اسکول بہہ گئے، ہزاروں بچوں کی تعلیم داؤ پر

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)پنجاب میں آنے والے تباہ کن سیلاب نے صوبے کے تعلیمی نظام کو بری طرح متاثر کیا ہے، جس کے باعث 3 ہزار سے زیادہ اسکول یا تو تباہ ہو گئے ہیں یا انہیں شدید نقصان پہنچا ہے۔ اس صورت حال نے ہزاروں طلبہ و طالبات کے تعلیمی سلسلے کو بری طرح خطرے میں ڈال دیا ہے۔

صوبائی وزیر اسکول ایجوکیشن رانا سکندر حیات نے جمعرات کو اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسیف) کی پاکستان کی نمائندہ پرنیلے آئرنسائیڈ کے ساتھ ہونے والی ایک اہم ملاقات میں اس بحران کی تفصیلات بتائیں۔ وزیر نے کہا کہ سیلاب نے محکمہ تعلیم کے سامنے انتہائی سنگین چیلنجز کھڑے کر دیے ہیں۔

رانا سکندر حیات کے مطابق، “صوبے میں پہلے ہی تعلیمی سہولیات کی کمی کا سامنا تھا، لیکن اس قدرتی آفت نے ہزاروں اسکولوں کو تباہ کر کے صورتحال کو اور بھی پیچیدہ بنا دیا ہے۔ ان میں سے کئی اسکول اب بھی سیلابی پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں، جس سے بحالی کے کاموں میں دشواری پیش آ رہی ہے۔”

اس ملاقات میں صوبائی حکومت اور یونیسیف کے درمیان جاری مختلف تعلیمی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں فریقوں نے اس بحران سے نمٹنے اور بچوں کی تعلیم کو بحال کرنے کے لیے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں