62

پی آئی اے کو برطانیہ کےلیے پروازوں کی مکمل اجازت مل گئی، آئندہ ماہ سے مانچسٹر کے لیے پروازیں شروع

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کو برطانیہ کے لیے مسافر اور کارگو پروازیں چلانے کی باقاعدہ اجازت مل گئی ہے۔ برطانوی محکمہ نقل و حمل نے گزشتہ روز پی آئی اے کو تھرڈ کنٹری آپریٹر (TCO) کا سرٹیفکیٹ جاری کر دیا ہے، جو اگلے پانچ سال کے لیے قابل عمل ہوگا۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق، قومی ایئر لائن آئندہ ماہ سے برطانیہ کے لیے براہِ راست پروازیں شروع کرے گی۔ پہلے مرحلے میں مانچسٹر کے لیے پروازیں چلائی جائیں گی، جبکہ بعد میں برمنگھم اور لندن (گیٹ وک) کو بھی نیٹ ورک میں شامل کیا جائے گا۔

یہ جامع منظوری پی آئی اے کو مسافروں کے ساتھ ساتھ کارگو کی منتقلی کی بھی سہولت فراہم کرے گی۔

سی ای او پی آئی اے نے وزیراعظم پاکستان، نائب وزیراعظم، وزیر دفاع، محکمہ دفاع، سول ایوی ایشن اور دیگر متعلقہ اداروں کے تعاون پر شکریہ ادا کیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے پی آئی اے کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا، جس نے پانچ سال تک ثابت قدمی سے مختلف آڈٹس میں کامیابی حاصل کی۔

یہ اقدام پی آئی اے کے بین الاقوامی آپریشنز کے دائرہ کار کو وسیع کرنے اور غیرملکی آمدن بڑھانے کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں