کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)پاکستان تحریک انصاف کراچی کی سیکریٹری اطلاعات فوزیہ صدیقی نے شہر میں ڈینگی اور ملیریا کے تیزی سے پھیلتے ہیں کیسز پر حکومت سندھ اور بلدیاتی اداروں کی سخت مذمت کرتے ہوئے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ میں صرف رواں سال ڈینگی کے 260 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں کراچی سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ جولائی 2025 میں ڈینگی سے پہلی ہلاکت حکومت کی سنگین غفلت کی نشاندہی کرتی ہے۔ ملیریا کے کیسز کی تعداد سندھ بھر میں 1,54,000 سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ کراچی میں 1,200 کیسز رجسٹرڈ ہوچکے ہیں۔
فوزیہ صدیقی کے مطابق، “اسپتالوں کے ایمرجنسی وارڈز میں 40 سے 50 فیصد مریض ڈینگی اور ملیریا کے ہیں، لیکن میئر کراچی مرتضیٰ وہاب صرف بیانات دے رہے ہیں۔ شہر بھر میں مچھر مار اسپرے کی گاڑیاں غائب ہیں اور بارش کے بعد کھلے پانی کی نکاسی نہ ہونا حکومتی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔”
انہوں نے جماعت اسلامی کے ٹاؤن چیئرمینز پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف تقریروں تک محدود ہیں اور عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہیں۔ فوزیہ صدیقی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گھروں میں پانی جمع نہ ہونے دیں اور مچھر دانی کا استعمال یقینی بنائیں۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری ایمرجنسی ایکشن پلان کا اعلان کیا جائے، ورنہ آئندہ ہفتوں میں صورتحال مزید سنگین ہوسکتی ہے۔ پی ٹی آئی کراچی نے عوامی صحت کے اس بحران پر اپنی آواز بلند کرتے رہنے کا عزم کیا ہے۔


