لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف آج بہاولنگر اور ساہیوال کے دورے پر ہیں، جہاں وہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے اقدامات کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ صوبے میں پہلی الیکٹرو بس سروس کا افتتاح کریں گی۔
اپنے دورے کے پہلے مرحلے میں وزیراعلیٰ بہاولنگر کے ٹیکنیکل کالج میں قائم فیلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کریں گی، جہاں انہیں سیلابی ریلے سے پیدا ہونے والی صورتحال اور ریسکیو و ریلیف آپریشنز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔ وہ کیمپ میں موجود سیلاب متاثرین سے براہ راست ملاقات کر کے ان کے مسائل سنیں گی۔
دورے کے دوسرے مرحلے میں وزیراعلیٰ ساہیوال پہنچیں گی، جہاں وہ صوبے کے پہلے الیکٹرو بس پراجیکٹ کا افتتاح کریں گی۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب میں وہ صوبائی حکومٹ کی ترقیاتی حکمت عملی اور عوامی فلاح کے منصوبوں کے بارے میں اہم نکات پر روشنی ڈالیں گی۔
یہ دورہ وزیراعلیٰ کی جانب سے عوامی مسائل کے فوری حل اور جدید ٹرانسپورٹ سسٹم متعارف کرانے کے عزم کا واضح اظہار ہے۔ دونوں شہروں کے دورے میں صوبائی وزرا اور سینئر افسران بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ ہوں گے۔


