لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)پنجاب حکومت نے صوبے میں کچرا ٹھکانے لگانے کے جدید منصوبے کا آغاز کردیا،پنجاب میں کچرا جمع کرنے کے لیے رنگدار کوڑے دان استعمال کرنے کے حکم سے متعلق ماحولیاتی تحفظ کے ادارے نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق منصوبے کے تحت پہلے مرحلے میں تعلیمی اداروں میں اسمارٹ ویسٹ مینجمنٹ پراسیس کی منظوری دی گئی ہے اور اس کے لیے سرکاری اور نجی درس گاہوں میں 5 رنگ کے کوڑے دان رکھے جائیں گے۔منصوبے کے تحت پیلے رنگ کے ڈبوں میں کاغذ اور ردی جمع کی جائے گی جبکہ سبز ڈبوں میں بوتلیں، کانچ کے ٹکڑے، لیبارٹری کا ضائع شدہ سامان ڈالا جائے گا۔سُرمئی ڈبے میں پھلوں کے چھلکے، ضائع شدہ کھانا، پتے اور گلی سڑی سبزیاں پھینکی جائیں گی جبکہ لال رنگ کے کچرے کے ڈبے لوہے اور دیگر دھاتی کوڑے کے لیے استعمال ہوں گے، نارنجی ڈبے پلاسٹک ویسٹ کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔
60


