غزہ(ایچ آراین ڈبلیو)اسرائیلی فوج کے شدید فضائی حملوں میں صرف ایک دن میں 87 سے زائد فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔ فلسطینی سول ڈیفنس فورسز کے مطابق، الــصبرہ محلے میں دغموش خاندان کے گھر پر کیے گئے حملے میں 11 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
صرف غزہ سٹی میں 70 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد سینکڑوں میں ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق، اسرائیلی فوج نے رہائشی علاقوں، ہسپتالوں کے قریب اور انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا ہے، جس سے عوامی غم و غصہ بڑھ گیا ہے۔
بین الاقوامی برادری نے اسرائیلی کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور فوری جنگ بندی کی اپیل کی ہے، تاہم اسرائیل نے حملوں کو “دفاعی اقدام” قرار دیتے ہوئے جاری رکھا ہوا ہے۔


