دوحہ(ایچ آراین ڈبلیو)افغانستان میں طالبان کی قید سے رہائی پانے والا برطانوی جوڑا پیٹر اور باربی رینالڈز جمعہ کے روز دوحہ پہنچ گیا، جہاں انہوں نے کئی ماہ بعد اپنے خاندان کے افراد سے ملاقات کی۔
قطری وزارت خارجہ کے خصوصی اقدامات اور برطانوی حکومت کے تعاون سے کئی ماہ کی سفارتی کوششوں کے بعد یہ جوڑا رہائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوا۔ اطلاعات کے مطابق دونوں کو صحیح سلامت پایا گیا ہے۔
دوحہ ایئرپورٹ پر ہونے والی جذباتی ملاقات میں خاندان کے افراد نے آنسوؤں میں ڈوبے ہوئے ایک دوسرے کو گلے لگایا۔ پیٹر رینالڈز نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے قطری حکام اور برطانوی حکومت کا شکریہ ادا کیا جن کی کوششوں سے وہ رہائی حاصل کر سکے۔
قطری حکام نے اس عمل میں اپنی ثالثی کے کردار کی تصدیق کی ہے، تاہم رہائی کی تفصیلات کو خفیہ رکھا گیا ہے۔ برطانوی وزارت خارجہ نے بھی اس رہائی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور تمام فریقین کا شکریہ ادا کیا ہے۔
یہ جوڑا گزشتہ چند ماہ سے افغانستان میں طالبان کی قید میں تھا، جس کی وجہ سے برطانیہ اور قطر کے درمیان مسلسل سفارتی رابطے جاری تھے۔ اس کامیاب عمل کو بین الاقوامی سطح پر سفارتی کوششوں کی کامیابی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔


