نئی دہلی(ایچ آراین ڈبلیو)بھارتی میڈیا کی معروف اینکر پرسن پالکی شرما نے ایک اہم تقریب کے دوران تسلیم کیا ہے کہ بھارت نے مئی کی جنگ کے بعد بیانیے کی جنگ بھی ہار دی تھی۔ انہوں نے ملک میں حکمت عملی اور میڈیا کے کردار پر سوالات اٹھائے ہیں۔
اپنے انٹرویو میں پالکی شرما نے کہا کہ “بھارت کو یہ سبق سیکھنا پڑے گا کہ ہمارے پاس ٹیلنٹ ہے، پیسہ بھی ہے لیکن ویژن کی شدید کمی ہے۔” ان کا کہنا تھا کہ “جب بھی ہم حکمت عملی پر بات کرتے ہیں تو ہماری سوچ بارڈرز اور ڈپلومیسی پر آکر رک جاتی ہے، لیکن ہم میڈیا کے استعمال کے بارے میں نہیں سوچتے۔”
انہوں نے زور دے کر کہا کہ “دنیا بھر میں میڈیا کو ایک اسٹریٹیجک ریسورس تسلیم کیا جا رہا ہے، جبکہ بھارت اس میدان میں پیچھے رہ گیا ہے۔” پالکی شرما کے اس بیان نے بھارتی میڈیا اور پالیسی ساز حلقوں میں گہری ہلچل پیدا کی ہے۔
یہ اعتراف اس وقت سامنے آیا ہے جب بھارت اور پاکستان کے درمیان تعلقات میں حالیہ برسوں میں کشیدگی دیکھی گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق، پالکی شرما کا بیان بھارتی میڈیا کی خود احتسابی کی ایک نایاب مثال ہے۔
اس بیان نے سماجی میڈیا پر بھی بحث کا آغاز کر دیا ہے، جہاں کئی حلقوں نے بھارتی خارجہ پالیسی اور میڈیا کے باہمی تعلق پر سوالات اٹھائے ہیں۔


